صنعاء،11ستمبر(ایس اونیوز؍آئی این ایس انڈیا)یمن کے دارالحکومت صنعاء میں باغی حوثی ملیشیا کے مختلف عناصر کے درمیان اتوار کے روز خونی جھڑپیں بھڑک اُٹھیں۔ صنعاء کے مشرقی علاقے حریب القرامیش میں ہونے والی مسلح جھڑپیں علاقے میں باغیوں کے سکیورٹی نگراں کو تبدیل کرنے کی کوشش کے سبب واقع ہوئیں۔یمن کی سرکاری فوج کی ترجمان ویب سائٹ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ جھڑپوں میں تقریبا 21 مسلح افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جب کہ درجنوں زخمی ہو گئے۔ مخالف فریقوں کے درمیان ابھی تک شدید کشیدگی پائی جا رہی ہے۔
یہ جھڑپیں ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب دوسری جانب یمنی فوج نے عرب اتحادی طیاروں کی معاونت سے صنعاء کے مشرق میں واقع ضلعے نہم کے مختلف محاذوں پر حوثی اور معزول صالح کی ملیشیاؤں کے خلاف معرکہ آرائی جاری رکھی ہوئی ہے۔ اس دوران باغیوں کو ہلاکتوں اور زخمیوں کی صورت میں بھاری جانی نقصان بھی اٹھانا پڑا ہے۔عرب اتحاد کے طیاروں نے باغیوں کے مجمعوں کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا تا کہ یمن کی فوج زمینی طور پر پیش قدمی کر سکے۔ ان حملوں میں درجنوں باغی ہلاک اور زخمی ہو گئے جن میں کئی سینئر کمانڈر بھی شامل ہیں۔